Skip to main content

State News Digital

لیہ(سٹاف رپورٹر)لیہ میں ٹریفک قوانین کے نفاذ کے حوالے سے دوہرے معیار پر شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس معمولی سی خلاف ورزی پر بھی شہریوں کو نہ صرف چالان کرتی ہے بلکہ سخت رویہ بھی اختیار کیا جاتا ہے، تاہم جب بات خود اہلکاروں کی آئے تو قوانین محض کاغذی حیثیت اختیار کر لیتے ہیں۔
حال ہی میں سامنے آنے والی صورتحال میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار دورانِ ڈیوٹی وردی پر نام کی پلیٹ (نیم پلیٹ) کے بغیر موجود پایا گیا، جو پولیس قوانین اور محکمانہ ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ شہریوں کے مطابق نام کی پلیٹ کا مقصد اہلکار کی شناخت، شفافیت اور عوامی جوابدہی کو یقینی بنانا ہوتا ہے، مگر اس بنیادی اصول کو نظرانداز کر کے اہلکار خود قانون شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جب عوام کو ہیلمٹ، لائسنس، رجسٹریشن اور دیگر دستاویزات پر سختی سے پابند کیا جا رہا ہے تو خود ٹریفک اہلکاروں کے لیے نرمی کیوں؟ اس طرزِ عمل سے قانون کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے اور عوام میں یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ قانون صرف عام شہریوں کے لیے ہے، جبکہ اہلکار احتساب سے بالاتر ہیں۔
اہلِ علاقہ نے ڈی پی او لیہ اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، متعلقہ اہلکار کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور تمام ٹریفک اہلکاروں کو وردی اور قواعد کی مکمل پابندی کا پابند بنایا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون کی یکساں عملداری ہی انصاف کی ضمانت ہے، بصورتِ دیگر عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی خلیج مزید گہری ہوتی جائے گی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *