Skip to main content

State News Digital

لیہ (سٹاف رپورٹر)یونیورسٹی آف لیہ کی شمالی دیوار کے ساتھ ریتلی مٹی کی ٹرالیاں، عوام شدید مشکلات کا شکار
لیہ: یونیورسٹی آف لیہ کی شمالی دیوار کے ساتھ واقع غیر پختہ راستے پر ریتلی مٹی سے بھری ٹرالیاں ڈالے جانے کے باعث عوام، طلبہ اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق یہ راستہ پہلے ہی مکمل طور پر پختہ نہیں تھا، تاہم اس پر مزید ریتلی مٹی ڈال دی گئی ہے جس سے راستے کے خدوخال بری طرح متاثر ہو چکے ہیں اور آمد و رفت خطرناک ہو گئی ہے۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس راستے کو روزانہ بڑی تعداد میں طلبہ، اساتذہ، ملازمین اور قریبی آبادی استعمال کرتی ہے۔ ریتلی مٹی کے باعث موٹر سائیکلوں کے ٹائر پھسل رہے ہیں جبکہ پیدل چلنے والے افراد کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ گردوغبار میں اضافے سے سانس کے مریض، بزرگ اور بچے خاص طور پر متاثر ہو رہے ہیں۔ رات کے وقت مناسب روشنی نہ ہونے کے باعث حادثات کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
اہلِ علاقہ کے مطابق اگر کسی تعمیراتی یا ترقیاتی کام کا آغاز کیا گیا ہے تو اس کے لیے مناسب منصوبہ بندی، حفاظتی اقدامات اور متبادل راستوں کا انتظام ناگزیر ہے، مگر یہاں بغیر کسی اطلاع کے راستے پر ریتلی مٹی ڈال کر عوام کو اذیت میں مبتلا کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سولنگ پر مٹی ڈالنا کسی بھی صورت مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس سے صورتحال مزید بگڑ رہی ہے۔علاقہ مکینوں اور یونیورسٹی سے وابستہ حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ راستے کے خدوخال کو تبدیل نہ کیا جائے، ریتلی مٹی فوری طور پر ہٹائی جائے اور موجودہ سولنگ کو بحال رکھا جائے۔ مقامی رہائشیوں جن میں محمد اسلم گرمانی،غلام مصطفی گشکوری،محمد زاہد، محمد کاظم محمد اکمل،عبدالمجید گشکوری، ثناء اللہ گشکوری،نے ضلعی انتظامیہ اور یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدام نہ کیا گیا تو یہ مسئلہ کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *