وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے جمعرات کے روز تحصیل علی پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین سے انکے مسائل سنے اور حکومت پنجاب کی جانب سے مکمل مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں آپکو تنہا نہیں چھوڑیں گے،آپکے دکھوں کا مداوا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت امداد اور بحالی کے کام میں وسائل کی کمی نہیں آنے دے گی۔
چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اورفلڈ ریلیف کیمپس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122، پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ چیف سیکرٹری کو سیلاب زدہ علاقوں میں جاری ریسکیو و ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ریلیف کیمپس میں متاثرین کیلئے خوراک، طبی سہولیات اور ضروری سامان کی فراہمی جاری ہے۔
چیف سیکرٹری نے ہیڈ پنجند کا دورہ بھی کیا۔ حکام نے چیف سیکرٹری کو ہیڈ پنجند پر پانی کی آمد اور اخراج بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہیڈ پنجند پر پانی کے بہاؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، نشیبی علاقوں سے آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔رکن قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ، کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، آر پی او سجاد حسن خان، ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ اور ڈی پی او سیدغضنفر علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔