State News Digital

سلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار، 29 جولائی 2025ء) – حکومت نے مہنگائی کی شرح کو 9 سال کی کم ترین سطح پر لانے کا دعویٰ کر دیا۔ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی فی کس آمدن میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارتِ خزانہ میں منگل کے روز ہونے والے اہم اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں، ہائی کمشنرز اور سینئر سفارتکاروں سے خطاب کیا۔

بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ مالی سال 2024-25 میں پاکستان کی معیشت میں 2.7 فیصد کا جی ڈی پی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ فی کس آمدن بڑھ کر 1824 امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کو مالی نظم و ضبط کی بدولت 3.1 فیصد کا پرائمری سرپلس حاصل ہوا، جو گزشتہ 20 برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔

افراطِ زر کی شرح کم ہو کر 4.5 فیصد تک آ گئی، جو کہ 9 سال کی کم ترین سطح ہے۔ پالیسی ریٹ بھی نمایاں کمی کے بعد 22 فیصد سے گھٹ کر 11 فیصد پر آ گیا، جب کہ قرض کا جی ڈی پی سے تناسب 69 فیصد تک محدود ہو گیا، جو مالیاتی نظم و ضبط میں بہتری کی علامت ہے۔

مزید برآں، پاکستان کو 14 سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل ہوا جو 2.1 ارب ڈالر رہا، اور یہ 22 سال میں سب سے بڑا سرپلس ہے۔ اس پیشرفت کا سہرا ترسیلاتِ زر میں اضافے، برآمدات کی بہتری، غیر ملکی سرمایہ کاری میں ترقی اور 14.5 ارب ڈالر سے زائد کے زرمبادلہ ذخائر کو جاتا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ معاشی کامیابیاں بیرونی قرضوں کے بغیر ممکن ہوئیں، جس کی بدولت عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا، جس کی مثال پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مستحکم کارکردگی سے بھی دی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *